نئی دہلی، 18/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے مرکزی حکومت پر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)کی خود مختاری پر حملہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آر بی آئی کے گورنر ارجت پٹیل کے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد نے بدھ کو کہا کہ آر بی آئی کی خود مختاری مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے، اب وہ حکومت کا ربڑ اسٹامپ بن کر رہ گیا ہے۔آزاد نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ اگر میں کہیں آر بی آئی گورنر ارجت پٹیل کو دیکھوں گا، تو انہیں پہچان نہیں پاؤں گا، کیونکہ وہ مشکل سے ہی ٹیلی ویژن چینلوں اور اخبارات میں نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آر بی آئی گورنر ارجت پٹیل کو استعفی دے دینا چاہیے۔کانگریس نے اسی مسئلے پر بدھ کو ملک بھر میں آر بی آئی کی 25شاخوں پر مظاہرہ کیا اور آر بی آئی کے ہیڈ کوارٹر میں ایک میمو رنڈم بھی سونپا۔